اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت جمعہ کو اہم اجلاس ہوا،جس میں سٹریٹ چلڈرن کو ریسکیو، بحالی، تعلیم و تربیت اور رہائش فراہم کر کے کارآمد شہری بنانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر مناسب جگہ یا (خالی سرکاری عمارت) کی نشاندہی کریں اور پرائیویٹ سیکٹر کیساتھ ملکر بحالی مرکز کے قیام کے عمل کو یقینی بنائیں ،سپیکر نے آئی جی کو ہدایت کی کہ وہ ان مافیا کیخلاف سخت کارروائی عمل لائیں جو سٹریٹ چلڈرن کو مجرم بنانے میں کام کر رہے ہیں۔ سٹریٹ چلڈرن بحالی مرکز کو ضروری سکیورٹی فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اسٹریٹ چلڈرنز سے متعلقہ تمام زیر التواء بلوں کو منطوری کیلئے پیش کیا جائے ، اسلام آباد ہائیکورٹ سے سٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے مقدمات کو بروقت نمٹانے کیلئے خصوصی جج کی تقرری کیلئے درخواست کی جائیگی۔