• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاندان کا نام بدنام کرنے کے الزام کے بعد اپنا نام تبدیل کیا، ملیکا شراوت کا انکشاف

بھارتی اداکارہ ملیکا شراوت نے کہا ہے کہ انہوں نے والد کی جانب سے خاندان کا نام بدنام کرنے کے الزام کے بعد اپنا نام تبدیل کرلیا تھا۔ 

بالی ووڈ فلموں کی بولڈ اداکارہ کا اصلی نام ریما لامبا تھا، جو انہوں نے بدل کر ملیکا شراوت رکھ لیا تھا۔ 

اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران ملیکا کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے فلموں میں آنے کا ارادہ کیا تھا تو والد نے کہا تھا کہ "یہ فلموں میں جاکر خاندان کا نام بدنام کرے گی، میں اس سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔"

ملیکا نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد سے کہہ دیا کہ آپ کیا مجھ سے لاتعلقی کا اعلان کریں گے میں ہی آپ کے نام سے لاتعلقی کا اعلان کرتی ہوں۔ 

 اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے والد سے کہا کہ آپ میرے والد ہیں، میں آپ کی عزت کرتی ہوں، آپ سے بہت پیار کرتی ہوں، لیکن میں آگے زندگی میں اپنے نام کے ساتھ اپنی ماں کا نام استعمال کروں گی۔ 

ملیکا کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کے نام کے ساتھ شادی سے قبل "شراوت" تھا۔ 

اہلِ خانہ کے ساتھ اپنے ان تعلقات کے بارے میں ملیکا کا کہنا تھا کہ اتنے سال گزرنے کے ساتھ ساتھ رشتوں میں کڑواہٹ کم ہوگئی ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گی کہ تعلقات بہت اچھے ہوگئے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سب میں نرمی آگئی۔

تازہ ترین