• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمعے کا دن کرکٹ کے لیے بڑا اہم ہوگا، راشد لطیف


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا ہے  کہ جمعے کا دن کرکٹ کے لیے بڑا اہم ہوگا، انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیل کی تبدیلی کا دن بھی ہوسکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، راشد لطیف اور سلمان بٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی حمایت میں سامنے آگئے، تینوں کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف درست ہے، بھارت کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیے۔

راشد لطیف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمعے کا دن کرکٹ کے لیے بڑا اہم ہوگا، یہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیل کی تبدیلی کادن بھی ہوسکتا ہے۔

 سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کریں گے۔

 اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھیل اور سیاست کو یکجا کرکے کرکٹ کو غیر یقینی صورتحال کا شکار کر دیا ہے، پاکستانی ٹیم سیکیورٹی خدشات کے باوجود 5 مرتبہ بھارت جا کر کھیل چکی ہے جس میں وائٹ بال سیریز بھی شامل ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ اب آئی سی سی اور اُن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اپنی بالادستی دکھانی ہوگی۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی کی بورڈ ممبران کے ساتھ آن لائن میٹنگ کل ہوگی۔

چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے واضح موقف مانگ لیا، ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا قابل قبول فارمولا بورڈ میٹنگ سے پہلے فراہم کیا جائے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید