ملکہ الزبیتھ دوم نے 44 سال میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی برطانوی کھلاڑی ایما راڈو کانو کو مبارکباد دی ہے۔
ملکہ الزبیتھ دوم کی جانب سے سوشل میڈیا پر موجود شاہی محل کے آفیشل اکاؤنٹس پر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت کر شاندار کامیابی حاصل کرنے والی برطانیہ کی 18 سالہ کھلاڑی ایما راڈو کانو کو مبارکباد دی گئی ہے۔
شاہی محل کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ملکہ برطانیہ کی جانب سے ایما راڈو کانو کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’ملکہ آپ کو یو ایس اوپن ٹینس چیمپئن شپ جیت کر کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد بھیجتی ہیں۔‘
ایما راڈو کانو کی ناقابلِ یقین کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’اتنی چھوٹی عمر میں یہ ایک قابل ذکر کامیابی ہے اور یہ آپ کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔
پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ ’ملکہ کو آپ اور آپ کی حریف لیلا فرنانڈیز کی شاندار کارکردگی پر کوئی شک نہیں کہ یہ ٹینس کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو متاثر کرے گی۔‘
ملکہ برطانیہ کی جانب سے ایما راڈو کانو اور ان کے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔
ملکہ الزبیتھ دوم کی جانب سے ایما راڈو کانو کی کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے اس خصوصی پیغام کو شاہی فیملی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی 18 سالہ ایما راڈو کانو نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔
ویمنز سنگلز کا فائنل پہلی بار 2 نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا گیا جس میں راڈو کانو نے لیلیٰ فرنینڈیز کو اسٹریٹ سیٹس میں 4-6، 3-6 سے شکست دی۔
اٹھارہ برس کی ایما راڈو کانو چوالیس سال میں یو ایس اوپن ٹینس جیتنے والی پہلی برطانوی کھلاڑی ہیں۔