بالی ووڈ کے معروف اداکار گوندا اور ان کی اہلیہ سونیتا آہوجا کی کپل شرما شو میں آمد پر ان کے خاندان میں جھگڑے شروع ہوگئے ہیں۔ کپل شرما شو کی گوندا اور سونیتا کے بطور مہمان شوٹنگ سے قبل ہی گوندا کے بھانجے کرشنا شو سے باہر چلے گئے ان کا کہنا تھا کہ بہتر یہی ہے کہ وہ چلے جائیں اس لیے کہ دونوں فریق اکٹھے اسٹیج پر ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔
یہ صورتحال اس وقت مزید خراب ہوگئی جب گوندا کی اہلیہ نے کرشنا ابھیشیک پر برسنا شروع کردیا، وہ اس وقت کسی بھی قسم کی مصالحت کے موڈ میں نظر نہیں آرہی تھیں۔
تاہم بعد میں کرشنا کی اہلیہ کشمیرا شاہ نے بھی سونیتا اور گوندا کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ایک بھارتی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیرا کا کہنا تھا کہ میں سچ کہوں تو اس پورے فساد میں مجھے دو پیسے کی دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان لوگوں کا میری زندگی میں پچھلے پانچ سالوں سے کوئی وجود نہیں ہے، ان کے بارے میں کچھ بات نہیں کرنا چاہتی، ورنہ انہیں دینے کے لیے میرے پاس کرارا جواب ہے۔
سونیتا کے حالیہ بیان کے بارے میں کشمیرا نے کہا کہ اسے تو فین کی جانب سے کرشنا کے بارے میں یہ کہنے پر کہ اس میں کوئی ٹیلنٹ نہیں، ٹرولنگ کا سامنا رہا۔
کشمیرا نے مزید کہا کہ ایسا وہی بولتا ہے جسے ٹیلنٹ کے بارے میں کچھ معلوم ہی نہیں ہوتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گوندا اور سونیتا اس وقت بھی ہمارے پاس نہیں آئے جب ہمارے بیٹے کی پیدائش ہوئی، ہم تو اب انہیں اپنے خاندان کا فرد ہی نہیں سمجھتے۔