ایشین والی بال چیمپئن شپ جاپان میں شروع ہوگئی، پاکستان نے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین۔ دو سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
گروپ بی میں شامل ٹیم پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان ایشین والی بال چیمپئن شپ کے میچ میں کانٹے دار مقابلہ ہوا جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا اور بالآخر پانچ سیٹس میں پاکستان نے فتح اپنے نام کی، پاکستان نے ہر بار شاندار کم بیک کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے یہ میچ بائیس ۔ پچیس، پچیس۔ تیئس، اکیس ۔ پچیس، پچیس۔ تیئس اور پندرہ ۔ بارہ کے اسکور سے جیتا۔
پہلے سیٹ میں پاکستان کو ایک موقع پر دس ۔ سات کی برتری حاصل تھی مگر وہ اس کو برقرار نہ رکھ سکا اور تھائی لینڈ نے پہلا سیٹ پچیس۔ بائیس سے جیتا لیکن دوسرے سیٹ میں پاکستان نے زبردست فائٹ بیک کا مظاہرہ کیا اور پچیس ۔ تیئس کی فتح کے ساتھ مقابلہ برابر کردیا۔ ایک موقع پر پاکستان کو دوسرے سیٹ میں تین ۔ دس کا خسارہ تھا۔
تیسرے سیٹ میں بھی پاکستان کا پلہ بھاری تھا اور اسے ایک موقع پر اکیس ۔ اٹھارہ کی برتری حاصل تھی مگر تھائی لینڈ نے مسلسل سات پوائنٹس حاصل کرکے ایک با پھر برتری اپنے نام کرلی۔ مگر چوتھے سیٹ میں پاکستان نے ایک بار پھر مقابلہ برابر کردیا۔
فیصلہ کن سیٹ میں بھی پاکستانی ٹیم نے، خاص طور پر تجربہ کار کھلاڑی ایمل خان نے، شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو فتح دلوادی۔
پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر کی صبح ہانگ کانگ سے کھیلے گی اور اس میچ میں جیت پاکستان کی کوارٹر فائنل تک رسائی کو یقینی بنادے گی۔