پشاور(سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام نے14اکتوبر کو پشاور میں مفتی محمود کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کانفرنس کی تیاریوں اور کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے قائدین کے دوروں کا سلسلہ تیز کردیا ہے، کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں کے قائدین بھی شرکت کریں گے۔ اس سلسلے میں جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمٰن کی زیر صدارت مفتی محمود مرکز پشاورمیں ہوا ۔جس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش صوبائی نائب امراء سید ہدایت اللہ شاہ، قاری گل عظیم،اخوندزادہ مفتی عبیداللہ صوبائی نظماء مولانا امان اللہ حقانی، آصف اقبال داوزئی، شاہ حسین آلائی، حاجی دانشمند اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے شرکت کی ، پارٹی ترجمان عبدالجلیل جان کے مطابق مجلس عاملہ اجلاس میں 14 اکتوبر کو پشاورمیں تاریخ ساز مفتی محمود کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور صوبائی قائدین کے دورہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 13 ستمبر سے 21 ستمبر تک وسطیٰ اور جنوبی اضلاع کے دورہ کے شیڈول کی منظوری دی گئی ،اجلاس میں مفتی محمود کانفرنس کے انعقاد اور جگہ کے تعین کے مولانا عطاء الحق درویش ،آصف اقبال داوزئی، مولانا احمد علی درویش اور اسرار مروت پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو پشاور کے مختلف مقامات کافوری دورہ کرکے کانفرنس کے انعقاد کی جگہ کا تعین کریں گے ،اجلاس کے فیصلے کے مطابق یکم اکتوبر کو صوبائی مجلسِ عاملہ اور2،3 اکتوبر کو صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس پشاورمیں ہوگا کونسل کے اجلاس میں صوبہ بھر سے 1000 ارکان شریک ہونگے اجلاس میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال آئے روز اغواء ڈکیتی کے واقعات کمرتوڑ مہنگائی اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت پالیسیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ، صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان نے کہاکہ وفاقی وزراء کی طرف سے الیکشن کمیشن کو دی جانے والی دھمکیاں پر تشویشناک ہے، انہوں نےمطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا جلد از جلد فیصلہ سنا کر نااہل حکومت اور وزراء سے عوام کو چھٹکارا دلائے ۔