سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین منتخب کرلیا گیا، سابق کپتان اور گورننگ بورڈ میں پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان کے نامزد رمیز راجہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس آج نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوا جس کی صدارت بورڈ کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے کی۔
اجلاس میں سابق کپتان اور گورننگ بورڈ میں پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان کے نامزد رمیز راجہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ، صوبائی ایسوسی ایشن کا انتخابی عمل مکمل نہ ہونے کے باعث کوئی منتخب نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔
گورننگ بورڈ کے ممبران عاصم واجد جواد ، عالیہ ظفر ، اسد علی خان ، عارف سعید ، جاوید قریشی ، رمیز راجہ اور وسیم خان نے خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔
رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36 ویں چیئرمین ہیں، انہیں احسان مانی کی جگہ پی سی بی کی چیئرمین شپ دی گئی ہے۔
احسان مانی نے تین سال تک پی سی بی چیئرمین کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں ۔