اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیرِ اعظم، مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے نیب کے گواہ پر جرح کی۔
سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے صاحبزادے عبداللّٰہ خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب کے پراسیکیوٹر عثمان مسعود اور نیب گواہان بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
اس موقع پر احتساب عدالت میں لگے کمپیوٹر نے کام کرنا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے نیب کے گواہ کے بیان پر عبد اللّٰہ خاقان عباسی کے وکیل کی جرح تاخیر کا شکار ہوئی۔
ایل سی ڈی ٹھیک نہ ہونے کے سبب اسٹینو کی ایل سی ڈی کا رخ جج کی طرف موڑ دیا گیا۔
عبداللّٰہ خاقان کے وکیل نے نیب کے گواہ سے سوال کیا کہ کیا عبداللّٰہ خاقان کسی سرکاری عہدے پر تعینات رہے؟
نیب کے گواہ نے جواب دیا کہ میرے علم میں ایسا کچھ نہیں۔
شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ نے نیب کے گواہ اکنامک افیئر ڈویژن میں اسسٹنٹ اکنامک ایڈوائزر اللّٰہ نواز کے بیان پر جرح کی۔