پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شازیہ مری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے بارے میں ’تیور بدلنے‘ سے متعلق جملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عامر ڈوگر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ادارہ آپ کی منشا کے مطابق کام نہیں کرتا، ای سی پی ایک آئینی ادارہ ہے، یہ آئینی ذمہ داری کے تحت کام کر رہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے اعتراضات کو ریکارڈ پر رکھیں، پی ٹی آئی کا المیہ ہے کہ انہوں نے آئین نہیں پڑھا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر خدشات ہیں، بات نیت کی ہے، کیا آپ ملک میں صاف شفاف الیکشن ہونے دینا چاہتے ہیں یا نہیں؟
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کئی ممالک نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کرنے کے بعد دوبارہ اس کا استعمال روک دیا ہے، تاہم الیکشن کمیشن کو زبردستی الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر راضی کرنا کہاں کا انصاف ہے۔
انہوں نے عامر ڈوگر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے تیور بدلنے والا بیان سنگین جملہ ہے، بتایا جائے کہ الیکشن کمیشن کے تیور کیا ہونے چاہیے تھے؟
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور یہ آئینی ذمہ داری کے تحت کام کر رہا ہے، آج آپ کو الیکشن کمیشن کے تیور برے لگے اور کل اچھے لگیں، اس طرح آئینی ادارہ کام نہیں کرتا۔
رہنما پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ آئینی ادارہ آپ کی منشا کے مطابق کام نہیں کرتا، آئین کے مطابق کام کرتا ہے، الیکشن کمیشن کے تیور والا جملہ پی ٹی آئی کی اسی لائن پر ہے کہ آپ الیکشن کمیشن کی توہین کریں۔