• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیل و گیس کی تلاش کرنیوالی کمپنیوں کی سیکورٹی کیلئے نئی فورس کی تجویز زیرغور

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پٹرولیم ڈویژن نے سینٹ قائمہ کمیٹی پٹرولیم کو بتایا ہےکہ وفاقی حکومت تیل وگیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کی سکیورٹی کیلئے نئی فورس کے قیام کی تجویزپر غور کر رہی ہے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے آفر دی ہے کہ سینٹرل پلان بنائیں تو پانچ ہزار بندے سکیورٹی کیلئے دے سکتے ہیں ،وفاقی کابینہ نے بھی مشورہ دیا ہے کہ مقامی لوگوں پر مشتمل سکیورٹی فورس قائم کی جائے۔ سینٹ کمیٹی کاسینٹرعبد القادر کی زیرصدارت اجلاس گزشتہ روز اوجی ڈی سی ایل بلڈنگ میں ہوا،ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل نے گیس پیداوار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ قادر پور سے پیک پر 480 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملتی تھی ، ایم ڈیزن بلاک میں ایک کھرب مکعب فٹ گیس کے ذخائر کا اندازہ ہے ، اسکی گیس خریداری کا گاہک مل جائے تو بلاک کی ڈیویلپمنٹ کریں گے،سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں کام کرنے کیلئے مجھ سے رابطہ کرے ،ان علاقوں میں میں سکیورٹی فراہم کرنا میری ذمہ داری ہو گی، محسن عزیز نے کہا کہ گزشتہ 24 سالوں سے کوہلو کے بلاک 28 پر کام کیوں نہیں ہو سکا ،ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل نے بتایاکہ کوہلو میں امن وامان کا مسئلہ ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوہلو میں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں ،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد 10 ڈالر سے زیادہ ہے ،مقامی گیس کی قیمت ساڑھے چھ ڈالر ہے ،مقامی گیس نکالنے کی ضرورت ہے مہنگی گیس درآمد کرنے کیلئے مقامی وسائل کو بروئے کار لائیں ۔سینٹر فدا محمد نے کہا کہ مقامی لوگوں کو کوئی سہولت فراہم نہیں کی جاتی ، شمیم آفریدی نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل کے حکام کام نہیں کرنا چاہتے ۔سیکرٹری پٹرولیم نے کمیٹی کو بتایاکہ مول گیس کمپنی کی مرضی سے گیس چوری ہوتی رہی۔

تازہ ترین