• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے آئی اے ای اے کی معائنہ کاری کا عمل سبوتاژ کیا، یورپی یونین

برسلز (این این آئی)یورپی یونین نے کہا ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے عالمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کاری کے عمل کو نقصان پہنچایا ہے،ایران نے اپنے جوہری پروگرام کی پرامن نوعیت کو ثابت کرنے کے لیے کوئی قابل قبول جواز فراہم نہیں کیا۔ امریکی اخبارنیو یارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی تازہ ترین رپورٹوں میں شامل نئے ڈیٹا کا مطالعہ کرنے والے ماہرین نے انکشاف کیا کہ ایران ایک ماہ کے اندر جوہری وار ہیڈ کے لیے ایندھن تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انسٹی ٹیوٹ فار سائنس اینڈ انٹرنیشنل سیکیورٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ موسم گرما میں ایران نے یورینیم کی 60 فیصد مقدار کوصاف کرکے تیار کیا ہے،یہ مقدار ایک ماہ میں ایک جوہری وار ہیڈ کی تیاری کیلئے کافی ہوسکتی ہے، اس طرح دوسرا بم تین ماہ اور تیسرا پانچ ماہ میں تیار کیا جا سکتا ہے۔اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ جوہری ایندھن کی پیداوار میں اضافے کے دوران معاہدے پر دستخط کرے۔رپورٹ کے مرکزی مصنف ڈیوڈ البرائٹ نے خبردار کیا کہ ایران کے اقدامات صدر ابراہیم رئیسی کی نئی حکومت کی کوششوں کی نشاندہی کرتے ہیں تاکہ بڑی طاقتوں کے ساتھ 2015 کے ایٹمی معاہدے کو بحال کرنے کے لیے مذاکرات میں نئی ، زیادہ مناسب شرائط کی تلاش کی جا سکے۔یہ معاہدہ ایران کو یورینیم کو 3.67 فیصد سے زیادہ افزودہ کرنے سے روکتا ہے۔ جب کہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کے لیے درکار 90 فیصد سے بہت کم ہے تاہم جب سے امریکا نے 2018 میں معاہدے سے دستبرداری اختیار کی ایران نے یورینیم کی افزودگی جاری رکھی ہے اوراب تک وہ 60 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے تہران کی جانب سے جوہری پروگرام کی نگرانی کے مشن کو نافذ کرنے میں اس کے ساتھ تعاون کے فقدان کی شدید مذمت کی۔کچھ دن پہلے ایران کی جوہری توانائی تنظیم نے کہا تھا کہ وہ آئی اے ای اے کو ایٹمی تنصیبات پر لگے مانیٹرنگ کیمروں تک رسائی کی اجازت دے گی۔ اس معاہدے کے تحت معائنہ کاروں کو کیمروں اور دیگر آلات تک دوبارہ رسائی اور کام کرنے کی اجازت ہوگی لیکن اس سے یورینیم کو جوہری معاہدے میں اجازت سے کہیں زیادہ سطح تک افزودہ کرنے کے مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکتا۔
یورپ سے سے مزید