راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نےآئندہ الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے نمٹا تے ہوئے قرار دیا کہ منصفانہ شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی زمہ داری ہے۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کیلئے پارلیمنٹ سے قانون سازی لازم ہے ہائیکورٹ مناسب فورم نہیں جہاں سیاسی عدم استحکام سے متعلقہ معاملات کو اٹھایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ عام انتخابات کرانے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کی تجویز مسترد کر چکا ہے اور قائمہ کمیٹی کے سامنے 37 اعتراضات جمع کرائے، الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے دھاندلی نہیں روکی جا سکتی۔
پی ٹی آئی کے سوا تمام دیگر سیاسی جماعتیں اور خود الیکشن کمیشن بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے خلاف ہے۔وکیل درخواست گزار نے کہاکہ حکومت الیکشن کمیشن کو سیاسی بنانے کی کوشش کررہی ہے، ملک میں سیاسی اور معاشی بحران پہلے سے اتنا ہے کہ مزید کسی بحران کے ہم متحمل نہیں ہوسکتے۔