• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہم کیبل آتشزدگی سے متاثر ہونے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ

لندن (پی اے) ایک اہم کیبل آتشزدگی سے متاثر ہونے کے بعد برطانیہ میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ اور فرانس کے درمیان بجلی کی ایک اہم کیبل بند ہونے کے باعث توانائی کی ہول سیل قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ نیشنل گرڈ نے کہا کہ کینٹ میں ایشفورڈ کے قریب ایک سائٹ پر آتشزدگی اور پہلے سے طے شدہ مینٹی ننس کا مطلب یہ ہے کہ کیبل 25 ستمبر تک مکمل طور پر آف لائن رہے گی۔ اس کی آدھی گنجائش یا ایک گیگاواٹ (جی ڈبلیو) بجلی مارچ 2022 کے آخر تک دستیاب نہ ہونے کی توقع ہے۔ بدھ کے روز اگلے دن کے لئے برطانوی بجلی کی قیمتیں 19 فیصد اضافے کے ساتھ 475 پونڈزفی میگاواٹ آور (ایم ڈبلیو ایچ) ہو گئیں۔ انٹر کنکشن فرانس- اینگلیٹیرے (آئی ایف اے) سائٹ پر آگ بدھ کو علی الصباح بھڑک اٹھی تھی۔ نیشنل گرڈ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ آگ لگنے کے بعد انگلش چینل کے تحت چلنے والا بجلی کا ایک کنیکٹرکام نہیں کر رہا۔ بجلی کے کنیکٹر ہائی وولٹیج کیبلز ہیں جو پڑوسی ممالک کے بجلی کے نظام کو جوڑتے ہیں اوران کے ذریعے اضافی بجلی تقسیم کی جاتی ہے۔ برطانیہ میں بجلی کی فراہمی میں توازن رکھنے والےنیشنل گرڈ کے بجلی سسٹم آپریٹر کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس واقعے کے باوجود محفوظ طریقے سے بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔ قیمتوں میں اضافے سے افراط زر اور کاروبار پر ممکنہ اثرات کے بارے میں خدشات ایسے وقت بڑھ رہے ہیں جب ملک کی معیشت کورونا وائرس وبا کے بدترین اثرات سے بحال ہونے لگی ہے۔ برطانیہ بجلی کا خالص درآمد کنندہ ہے اور قریبی پڑوسی فرانس انگریزی چینل کے تحت چلنے والے انٹر کنیکٹر کے ذریعے بجلی کا سب سے بڑا سپلائر ہے۔ آئی اے ایف 2 انٹرکنیکٹر، جو برطانیہ اور فرانس کے درمیان دوسرا لنک ہے، فی الحال اپنی پوری صلاحیت سے کام کر رہا ہے اور اس مسئلے سے متاثر نہیں ہوا۔
تازہ ترین