شریفہ گرم آب و ہوا کا پھل ہے۔ اسے ہندی زبان میں ’سیتا‘ جبکہ انگریزی زبان میں’شوگر ایپل یا کسٹرڈ ایپل‘ کہا جاتا ہے۔ اگرچہ اسے کھانا دشوار ہے لیکن اس چھوٹے سے پھل میں قدرت نے بے شمار فوائد چُھپا رکھے ہیں کہ یہ پھل اپنے اندر صحت کا خزانہ سموئے ہے۔
شریفے میں مناسب مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن سی، بی6، کیلشیم، میگنیشم اور آئرن وغیرہ پائے جاتے ہیں۔
شریفے کے صحت سے متعلق چند فوائد:
قلبِ صحت بہتر کرتا ہے:
شریفہ ان چند پھلوں میں سے ایک ہے جس میں پوٹاشیم اور سوڈیم کا ایک متوازن تناسب ہوتا ہے جو جسم میں بلڈ پریشر کے اتار چڑھاؤ کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔ شریفے میں میگنیشیم کا زیادہ مواد ہموار دل کے پٹھوں کو آرام دیتا ہے جس کی وجہ سے فالج اور دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔ مزید یہ کہ اس پھل میں موجود فائبرز خراب کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتے ہے جبکہ جسم میں اچھے کولیسٹرول کو بڑھاتے ہیں۔
آنکھوں کی بینائی کیلئے مفید:
شریفہ وٹامن سی اور ربوفلاوین کا ایک بھرپور ذریعہ ہے، یہ دو انتہائی ضروری غذائی اجزاء ہیں جو آنکھوں کو صحت مند رکھنے کے لیے اہم ہیں۔ بڑھتی عمر کے ساتھ، کمزور بینائی ایک عام مسئلہ ہے۔ اس دور میں جہاں ہم اپنے فون، ٹی وی، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ کی اسکرینوں سے چپکے ہوئے ہیں تو وہیں ہمارے لیے اپنی آنکھوں کی اچھی دیکھ بھال کرنا ضروری ہے۔ شریفے میں موجود ضروری غذائی اجزاء آپ کی آنکھوں کو خشک ہونے سے روکتے ہیں تاکہ انہیں مناسب طریقے سے کام کرسکیں۔
کینسر کا خطرہ کم کرتا ہے:
شریفہ فلیوونائڈز سے بھرپور ہوتا ہے جو کئی قسم کے ٹیومر اور کینسر کے علاج میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس پھل میں الکلائڈز اور ایسیٹوجنن جیسے عناصر بھی ہوتے ہیں جو کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ شریفے کی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات صحت مند خلیوں کو متاثر کیے بغیر کینسر پیدا کرنے والے خلیوں کے خلاف کام کرتی ہیں۔ بلٹاسین اور اسیمیکن دو اینٹی آکسیڈینٹ مرکبات ہیں جن میں اینٹی ہیلمینتھ اور اینٹی کینسر خصوصیات ہیں۔ وہ آزاد ریڈیکلز کے اثرات کا مقابلہ کرنے میں مدد کرتے ہیں اور اس طرح ہم کینسر سے بچتے ہیں۔
اینٹی سوزش کی خصوصیات:
شریفہ ان لوگوں کے لیے انتہائی اہم پھل ہے جو سوزش کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ اس پھل میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس درد کو روکنے میں مدد کرسکتے ہیں، نہ صرف پھل بلکہ اس کے پتے بھی اینٹی سوزش خصوصیات سے مالا مال ہیں۔
وٹامن بی 6 کا ذریعہ:
اس میں وٹامن بی 6 پایا جاتا ہے جس کی کمی چڑچڑے پَن کا بھی باعث بنتی ہے، لہٰذا اس پھل کا استعمال ڈیپریشن اور تناؤ دُور کرتا ہے۔