مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست سیاسی موت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں مداخلت کانشان نہیں تھا، پنجاب میں عوام کی اکثریت نے ن لیگ کو ووٹ دیا۔
شہباز شریف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں دور دور تک مداخلت کا نشان نہیں تھا، مسلم لیگ ن نے معرکہ مارا اور پی ٹی آئی کی جنم بھومی میں اسکی سیاسی موت واقع ہوئی۔
شہبازشریف نے ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر شفاف الیکشن نہیں ہوئے تو قانونی راستہ اختیار کریں گے جو ہمارا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام آئینی اداروں سے مطالبہ ہے کہ ہر صورت ملک کو شفاف الیکشن چاہیے ، ملک کوقانون کی حکمرانی چاہیے، سول بالادستی چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تین سالوں میں عوام کا دل بھر چکا ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، لوگ آج نواز شریف کی حکومت کو یاد کر رہےہیں۔
مسلم لیگ نون کے صدر نے کہا کہ چینی آج 108 اور 110 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ہمارے دور میں چینی 52 روپے سے اوپر نہیں گئی تھی، تین سالوں میں اربوں روپے کی چینی درآمد کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ ن لیگ کے بنائے ہوئے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگاتے ہیں، آج ان کےہاتھوں سے ملک کی معیشت کی بربادی ہورہی ہے، 2018لوگوں نے پی ٹی آئی کو شایداس لیے ووٹ دیا ہوگا کہ سہی تبدیلی آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آپ ریاست مدینہ کانام لیتے ہیں اور عمل اس کے سو فیصد خلاف کرتے ہیں، لوگ ن لیگ کی حکومت کو اس لیے یاد کرتے ہیں کہ اسپتالوں میں ادویات اور ٹیسٹ مفت ہوتے تھے، نون لیگ کے دور میں نوجوانوں کو انعام کے طورپر لیپ ٹاپ دیے جاتے تھے۔
شہبازشریف نے کہا کہ یہ اس وقت کہتے تھےکہ شہبازشریف رشوت دے رہا ہے، آج ڈالر کے مقابلےمیں روپیہ 170 کےقریب پہنچ گیا تو کرپٹ کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں ، ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی گئی ، آج پچاس لاکھ لوگ بےروز گار ہوچکے، آج چھ افراد کے گھرانےکیلئے زندگی تنگ ہوچکی، جینا مشکل ہوچکا ہے۔