اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے پارلیمنٹ کو بلڈوز کیا گیا توسپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے۔
ایک انٹرویو میںاحسن اقبال نے کہا کہ حکومت آئین کے مطابق چلے ، حکومت نے انتخابی اصلاحات رائج کرنے کی یکطرفہ کوشش کی ہے اس میں بہت سی آئینی شقوں کو سادہ قانون سازی کے زریعہ تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے جو کہ قانونی طور پر اور آئینی طور پر غلط ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر ہمارے اعتراضات اسلئے ہیں کہ جس طرح حکومت نے ووٹرز لسٹ کو الیکشن کمیشن سے نکال کر وزارت داخلہ کے ماتحت کر لیا، گویا کہ اب ووٹر کے شامل ہونے یا نکلنے کی صوابدید وزارت داخلہ کے پاس ہو گی اور الیکشن کمیشن کے پاس نہیں ہو گی۔