جکارتہ(این این آئی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے الازہر یونیورسٹی جکارتہ کی لائبریری میں علامہ محمد اقبال روم اور پاکستان کارنر کا افتتاح کردیا۔ چیف جسٹس انڈونیشیا کے چار روزہ دورے پر ہیں ، جسٹس اعجاز الاحسن بھی ان کے ہمراہ ہیں اوروہ آئینی و سپریم کورٹس/او آئی سی کے ممبر/مبصر ریاستوں کی دوسری جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب جکارتہ کی الازہر یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے ریکٹر ، فیکلٹی ممبران اور منتخب طلبا نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے ریکٹر الازہر یونیورسٹی آسیپ سیف الدین نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا اس اقدام کے لیے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔پاکستانی سفیر محمد حسن نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات کی تاریخی نوعیت کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے ساتھ خصوصی طور پر تعلیمی تعاون کے لیے مزید جدید طریقے تلاش کر رہا ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے اپنے خطاب میں دورے کے دوران گرم جوش مہمان نوازی پر انڈونیشیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور تعلیمی تعاون بڑھانے میں پاکستانی سفارت خانہ اور الازہر یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا۔