• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف الیکشن کمشنر شفاف انتخابات کروانے میں سنجیدہ نہیں، عثمان ڈار


کراچی (ٹی وی رپورٹ) سربراہ کامیاب نوجوان پروگرام عثمان ڈار نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اگلا الیکشن صاف و شفاف کروانے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہے، ای وی ایم کے استعمال سے ووٹ مسترد نہیں ہوں گے اور نتائج جلدی آئیں گے۔ 

وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا اور پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ بھی شریک تھیں۔

محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کیلئے سلطان سکندر راجہ کا نام حکومت نے دیا تھا، ن لیگ کے سینئر لوگوں کے سلطان سکندر راجہ کے نام پر تحفظات تھے، ای ووٹنگ آئے تو ہمیں الیکشن کا بائیکاٹ کر کے تحریک چلانی چاہئے۔

ناز بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم کی آمرانہ سوچ کی وجہ سے پارلیمنٹ کمزور ہوگئی ہے، کسی حلقہ میں ای وی ایم خراب ہوگئی تو لوگ ووٹ کیسے ڈالیں گے۔

 سربراہ کامیاب نوجوان پاکستان عثمان ڈار نے کہا کہ ن لیگ کا لگایا چیئرمین نیب کام کرے تو وہ اس پر حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ کا الزام لگادیتی ہے ، اپوزیشن کو چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کی کیوں تکلیف ہے۔

ہمارا الیکشن کمیشن سے مطالبہ صاف و شفاف انتخابات کا ہے، پیپلز پارٹی اورن لیگ نے بھی اپنے ادوار میں ای وی ایم لانے کی کوشش کی، چیف الیکشن کمشنر اگلا الیکشن صاف و شفاف کروانے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہے۔

ای وی ایم پر 37اعتراضات سے الیکشن کمیشن نے اپنی اہلیت پر سوال اٹھادیا ہے ۔

تازہ ترین