• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کانٹینٹ کری ایٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بحال

--فائل فوٹوز
--فائل فوٹوز

پاکستان کے مقبول ترین کم عمر ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ایک دن بعد بحال کر دیا گیا جسے عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔

ایک ویڈیو پیغام میں طلحہ احمد نے انسٹاگرام کی پالیسی پر طنزیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ ان کا اکاؤنٹ کیوں معطل کیا گیا۔ 

انہوں نے اپنے مداحوں اور اہلخانہ کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے اس دوران ان سے رابطہ رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللّٰہ کے کرم، کچھ دوستوں کی محنت اور آپ کی دعاؤں کی بدولت میرا اکاؤنٹ بحال ہوگیا ہے، اگر کچھ لوگوں نے میرے اکاؤنٹ کو رپورٹ کیا اور مجھے بندش کا سامنا کرنا پڑا تو ایسے لوگوں کے لیے شعر ہے کہ ’ہم ہی کو جرات اظہار کا سلیقہ ہے، صدا کا قحط پڑے گا تو ہم ہی بولیں۔‘

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ابھی بہت سا کانٹینٹ ہے، بہت سی باتیں ہیں جو آپ سے کرنی ہیں، اس لیے آپ میرے ساتھ جڑے رہیں۔

طلحہ احمد نے کہا کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنے کام کے ذریعے سوشل میڈیا صارفین میں خوشیاں بانٹنے اور مسکراہٹیں بکھیرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ طلحہ احمد نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑی تعداد میں فالوورز بنائے ہیں۔

 انسٹاگرام پر ان کے 8 لاکھ 69 ہزار فالوورز ہیں، جہاں وہ 194 پوسٹس کر چکے ہیں اور 117 اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔

ٹک ٹاک پر ان کے فالوورز کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد ہے جبکہ 19 لاکھ لائکس مل چکے ہیں۔

 یوٹیوب پر طلحہ احمد کے سبسکرائبرز کی تعداد بھی ایک لاکھ 42 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر لاکھوں کی تعداد میں فالوورز رکھنے والے طلحہ احمد سیاسی، سماجی اور گھریلو موضوعات پر مبنی ویڈیوز کی وجہ سے پسند کیے جاتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید