بالی ووڈ کی نئی فلم پرَم سندری کا گانا Danger ریلیز ہوتے ہی تنقید کی زد میں آگیا، پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ گانا جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل منت مراد کے مشہور ٹائٹل ٹریک لال سوٹ سے حد درجہ مماثلت رکھتا ہے۔
فلم میں یہ گانا اداکارہ جھانوی کپور اور سدہارتھ ملہوترا پر فلمایا گیا ہے، جس میں دونوں کے ڈانس اسٹیپس بھی پاکستانی ٹریک سے مشابہ قرار دیے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے بالی ووڈ کو ایک بار پھر کاپی کلچر کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پاس اپنے منفرد آئیڈیاز ختم ہو چکے ہیں۔
کئی صارفین نے کہا کہ Danger کی بیٹ پیٹرن اور میوزک کمپوزیشن منت مراد کے گانے لال سوٹ سے ملتی جلتی ہے، جو ڈرامے کی شادی کی تقریبات کا ایک اہم حصہ تھا۔
ایک مداح نے لکھا کہ بالی ووڈ کے پاس یا تو کاپی کرنے کا کام ہوتا ہے یا پھر پاکستانی فنکاروں کو بلیک لسٹ کرنے کا۔
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ مجھے پہلے ہی لگا تھا یہ گانا کہیں سنا ہوا ہے، یہ تو سیدھا سیدھا لال سوٹ کی نقل ہے۔
خیال رہے کہ ڈرامہ منت مراد میں مرکزی کردار اقرا عزیز اور طلحہ چاہار نے ادا کیے تھے اور اس کا ٹائٹل ٹریک ناظرین میں بے حد مقبول ہوا تھا۔