کوئٹہ ( آئی این پی )تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری اربن پلاننگ و چیئرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد مبین خان خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پی ٹی آئی بھرپور کامیابی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کوئٹہ پی ٹی آئی کا گڑھ ہے ،کنٹونمنٹ بور ڈ الیکشن میں پارٹی کے تمام ونگز اور کارکنوں نے امیدواروں کے لئے بھر پور مہم چلائی اور اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کا پیغام گھر گھر تک پہنچایا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ شکست کرپٹ اپوزیشن کا مقدر بن چکی ہے، پی ٹی آئی بلاتفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف علاقوں کے وفود نے ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ ڈٹ کر ملک کو درپیش چیلنجز مقابلہ کیا، اپوزیشن کے فسادی اور بربادی ٹولے کی منفی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہو چکی ہے، نوازشریف بہانے بنانے کی بجائے وطن واپس آئیں اور اپنے مقدمات کا سامنا کریں ۔ پی ٹی آئی نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں تھے،پی ٹی آئی عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور وزیراعظم عمران خان عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔