مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں کوئی ایسا وزیر نہیں جو کرپٹ نہ ہو، عوام خود دیکھ لیں کہ ملک میں کون کرپٹ ہے اور کون نہیں۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نام نہاد احتسابی عمل تیسرے سال سے چل رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب سے کیس چلے ہیں، گیس کی قیمتوں میں واضح اضافہ ہوا ہے، حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے نظام بیٹھ چکا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے تمام دعوے ختم ہو گئے، روز جھوٹ بولنے والے بھی اب نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام بے روزگاری اور غربت میں پس رہے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے متعلق اپوزیشن پہلے دیکھے گی پھر فیصلہ کرے گی۔
سابق وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پراسیکیوٹر کے طور پر نہ چل سکے تو فیصل چوہدری کو اسپیشل پراسیکیوٹر بنا دیا، فیصل چوہدری کو نیب چیئرمین بنا کر سارا معاملہ ختم کر دیں۔
مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے سوال اٹھایا کہ سمجھ نہیں آ رہی کہ یہ تحائف کو چھپانا کیوں چاہتے ہیں؟