• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب کرکٹ بورڈ کسی کے پیچھے نہیں بھاگے گا، چیئرمین پی سی بی


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ اب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے بعد آسٹریلیا بھی دورہ ختم کرنے کے لیے پر تول رہا ہے، اب بورڈ کسی کے پیچھے نہیں بھاگے گا۔

ان خیالات کا اظہار رمیز راجا نے جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا بھی دورہ پاکستان ختم کرنے کے لیے پر تول رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشنر کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے دورہ پاکستان کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کسی کے پیچھے نہیں بھاگے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ویسٹرن مائنڈسیٹ ہے، یہ سب متوقع تھا، آسٹریلیا بھی پر تول رہا ہے، ہمارا نظریہ اور قبلہ درست ہے، انہیں اپنا قبلہ اور نظریہ درست کرنا ہوگا۔

رمیز راجا نے کہا کہ ہم بچھے جاتے ہیں اور یہ ہماری مرمت کرتے جاتے ہیں، ٹریول ایڈوائزری بدلی نہیں تھی، جب تک مفاد ہوتا ہے استعمال کرتے ہیں، ہمیں کنارے لگادیا گیا ہے جبکہ ہماری غلطی نہیں، یہ ان کے بہانے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ویسٹرن بلاک کو علم ہے کہ کس سے بات کرنی ہے کس کو نظرانداز کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ اکانومی کو بڑھانا ہے، یہ پاکستان کرکٹ کا بہترین ڈومیسٹک سیزن ہونا تھا۔

نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر رمیز راجہ نے کہا کہ سیریز کھلاڑیوں کی جانب سے نہیں نیوزی لینڈ حکومت نے ختم کی، ہم نے پوچھا آپ کیوں جارہے ہیں انھوں نے بتایا ہی نہیں، اتنی ٹاپ سیکیورٹی دنیا میں کہیں نہیں دی جاتی، کسی میچ میں نہیں دی جاتی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم ڈپلومیٹک جعل سازی میں پھنس جاتے ہیں، ہمیں ان کو کوئی چیز ثابت نہیں کرنی، دنیا ان کو آئینہ دکھارہی ہے، یہ بات پوری دنیا میں چلی گئی ہے، ہماری کوئی غلطی نہیں ہے۔

رمیز راجا نے کہا کہ آسٹریلیا اب بہت سوچ سمجھ کر انکار کرے گا، جو ٹیمیں ہماری قدر کرتی ہیں ان سے کھیلیں گے، جو نہیں آنا چاہتے ان ٹیموں کے پیچھے نہیں پڑنا ہے، سری لنکا، بنگلادیش اور جنوبی افریقہ وغیرہ ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے صرف بھارت سے مقابلہ تھا اب میدان میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سے بھی مقابلہ ہے۔

تازہ ترین