اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم تبدیلی کے مخالف مافیاز کے سامنے کھڑے ہیں‘ کرپٹ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی مخالفت کررہے ہیں‘ای وی ایم پاکستان کے مسائل حل کر دے گی۔
آئندہ دو سال حکومت کے لئے بہت اہم ہیں، ہمیں اپنے اہدف حاصل کرنے ہیں، تمام وزارتیں محنت کریں ‘ہم ترقیاتی فنڈز سے نہیں ، حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن جیتیں گے‘ اصل مقابلہ پنجاب میں ہے‘معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے‘مواصلات کے اہم اور بڑے منصوبوں پر روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کا خود جا ئزہ لوں گا۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو یہاں کارکردگی معاہدوں پر دستخط کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ 2 سال کے لئے اپنے اہداف مقرر کرناضروری تھا۔
اس کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ آئندہ سال ہمارے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ اگر ہم نے اس دوران اپنے اہداف حاصل کر لئے تو حکومت کے آخری سال میں رہ جانے والے اہداف کو حاصل کرنا بھی آسان ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر جگہ ٹیم کو چلانے کے اصول ایک جیسےہوتے ہیں۔ ہمیشہ وہ ٹیم کامیاب ہو تی جو سارا وقت اپنا جائزہ لیتی رہتی ہے اور اپنی کارکردگی پرنظر ثانی کرتی ہے۔ حکومت کے پہلے سال بہت مشکلات کا سامنا کرناپڑا ، یہ مشکل ترین وقت تھا۔