وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مافیاز سسٹم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، ملک میں قانون کی بالادستی قائم نہیں ہونے دیتے،کہتے ہیں ہمیں این آر او دے دو ،باقی کو پکڑو، یہ اربوں روپے کی جائید اد کی ایک رسید نہیں دے سکے، رسیدیں دینے کے بجائے باہر سے بیٹھ کر تقریریں کی جا رہی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں کسانوں میں کارڈ کی تقسیم اور زرعی یونی ورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ملک کی بہتری کے لئے الیکشن کا نہیں اگلی نسلوں کا سوچنا پڑتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ بڑے بڑے مافیا قانون سے اوپر ہیں، ایسا معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، مافیا کے خلاف قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہےہیں ، اس میں کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی بڑھتی رہی اور پیداوار نہ بڑھی تو ملک میں بھوک ہوگی، درآمد کی وجہ سے کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتیں بڑھیں، خود کفالت کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔