کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس او، ایس ایس جی سی اور ایم ڈی اے کے برطرف ملازمین نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر احتجاج کیا، سخت گرمی میں احتجاج کے دوران دو مظاہرین کی حالت غیر ہوگئی، دونوں افراد کو پولیس موبائل کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، مظاہرین کی جانب سے روزگار دو انصاف دو کے نعرے بھی لگائے گئے، مظاہرین نے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اور نوکریوں پر بحالی کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر برطرف ہونے والے پی ایس او، ایس ایس جی سی اور ایم ڈی اے کے ملازمین کی بڑی تعداد جمع ہوئے، ملازمین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے مظاہرین کی جانب سے روزگار دو انصاف دو کے نعرے بھی لگائے گئے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے سے دس ہزار ملازمین متاثر ہوئے ہیں، مظاہرین نے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اور نوکریوں پر بحالی کی اپیل کی ہے۔ پی ایس او کے ملازمین کا کہنا تھا کہ ہمیں غیر قانونی طور پر نوکری سے نکالا گیا ہے،دو ماہ قبل 16 ہزار لوگوں کو وفاقی اداروں سے نکالا گیا ہے،عدلیہ سے اپیل ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔