• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’لگان‘ کی اداکارہ نے عامر خان سے مالی مدد کی اپیل کردی

بھارتی اداکارہ پروینہ، جنہوں نے بالی ووڈ اداکار عامر خان کے ساتھ اُن کی سُپر ہٹ فلم ’لگان‘ میں کام کیا تھا، اُنہوں نے اداکار سے مالی امداد کی اپیل کردی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پروینہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’میرے خاندان نے ہمیشہ مدد کی ہے اور کچھ دوست بھی ہیں جو میری مدد کرتے ہیں، میں اب صرف کچھ مالی مدد چاہتی ہوں۔‘

گزشتہ سال برین اسٹروک کا شکار ہونے والی بھارتی اداکارہ پروینہ نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’جب تک میری صحت اچھی نہیں ہوتی، میں بطور کاسٹنگ ڈائریکٹر کام کرنا چاہتی ہوں اور پروڈکشن ہاؤسز سے درخواست کروں گی کہ وہ مجھے کام دیں۔‘

پروینہ نے بالی ووڈ اداکار عامر خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’عامر بھائی میری بیماری کے بارے میں نہیں جانتے، اگر اُنہیں معلوم ہوتا تو وہ ضرور میری مدد کرتے کیونکہ وہ پہلے بھی کئی اداکاروں کی مالی مدد کرچکے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں عامر خان سے صرف اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ مجھے اپنے دفتر میں کام دے دیں۔‘

واضح رہے کہ اداکارہ پروینہ گزشتہ سال برین اسٹروک کا شکار ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے وہ اب اداکاری کرنے کے قابل نہیں ہیں لیکن وہ بطورِ کاسٹنگ ڈائیریکٹر اپنا کام جاری رکھنا چاہتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال اداکار سونو سود اور اکشے کمار نے ان کی مالی مدد کی تھی۔

یاد رہے کہ عامر خان کی 17 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’لگان‘ بالی وڈ کی شہرہ آفاق فلموں میں سے ایک ہے۔

فلم میں عامرخان، گریسی سنگھ سمیت کئی اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے تھے جب کہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض اشوتوش گواریکر نے سر انجام دیئے تھے۔

فلم ’لگان‘ نے کئی ملکی و غیر ملکی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے تھے اور فلم نے ’آسکر‘ ایوارڈز کی نامزدگی میں بھی جگہ پائی تھی۔

تازہ ترین