• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم مُنّا بھائی MBBS کی’چنکی‘ نے بالی ووڈ کیوں چھوڑا؟

بھارتی فلم اندسٹری کی مقبول ترین فلمیں ’مُنّا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’لگان‘ کی اداکارہ گریسی سنگھ نے بالی ووڈ چھوڑنے کی وجہ بتا دی۔

بھارتی اداکارہ گریسی سنگھ جو ماضی میں ’مُنّا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’لگان‘ جیسی کامیاب فلمیں دینے کے باوجود اب کئی برسوں سے بالی ووڈ سے دور ہیں، انُہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس موضوعِ بحث پر کُھل کر بات چیت کی۔

اداکارہ گریسی سنگھ نے کہا کہ ’میں نے فلموں میں 7 سے 8 سال تک کام کیا تھا اور ہاں، یہ بڑی حد تک علاقائی فلموں کے مرکز میں تھا لیکن مجھے فلموں میں اداکاری کرنے کا جنون نہیں تھا۔‘

گریسی سنگھ نے کہا کہ ’میں نے کبھی کسی فلم میکر سے رابطہ نہیں کیا کیونکہ یہ کام میرے منیجر کا تھا وہ ہی مجھے نئے پراجیکٹس سے آگاہ کرتے تھے لیکن سال 2008 میں میرے منیجر کا انتقال ہوگیا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب میرے منیجر زندہ تھے تو اُس وقت بھی میں نے اُن سے کہا تھا کہ میری زندگی کا مقصد صرف اداکاری نہیں ہے اور میں نے اُن سے کہا تھا کہ میں زیادہ فلموں میں کام نہیں کروں گی۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے اپنے منیجر کو یہاں تک کہا تھا کہ وہ اس بات کا یقین کر لیں کہ میں صرف وہی فلمیں کروں گی جو گھر والوں کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہیں اور مجھے ایسے کردار دیں کہ جن کی عام لڑکیاں شناخت کرسکتی ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے پہلے ہی سوچ لیا تھا کہ میں ایک یا دو سے زائد فلمیں نہیں کروں لیکن جب منیجر کا انتقال ہوا تو میں نے بالی ووڈ چھوڑنے کا فیصلہ کیا کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ اب میرے مطلب کے کردار ملنا مشکل ہے۔‘

یاد رہے کہ منا بھائی ایم بی بی ایس 2003 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد اس کا سیکوئل ’لگے رہو منا بھائی‘ 2006 میں ریلیز کی گئی تھی۔

دوسری جانب عامر خان کی 17 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’لگان‘ بولی وڈ کی شہرہ آفاق فلموں میں سے ایک ہے۔

فلم میں عامرخان، گریسی سنگھ سمیت کئی اداکاروں نے اہم کردار کیے تھے جب کہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض اشوتوش گواریکر نے سر انجام دیئے تھے۔

فلم ’لگان‘ نے کئی ملکی و غیر ملکی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے تھے اور فلم نے ’آسکر‘ ایوارڈز کی نامزدگی میں بھی جگہ پائی تھی

تازہ ترین