• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا دورہ کیوں منسوخ کیا؟ سابق انگلش کپتان کی اپنے ہی بورڈ پر تنقید

لندن (جنگ نیوز)انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے اپنے ہی بورڈ پر تنقید کی ہے۔ انگلش کرکٹ ٹیم نے اکتوبر میں شیڈول دورہ پاکستان منسوخ کیا تو فوری طور پر برطانوی حکومت نے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا لیکن انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی خاموشی ٹوٹ نہ سکی۔ بورڈ کے کرتا دھرتا واٹمور اور ٹام ہیرسن اس وقت منظر عام سے غائب ہیں جب کہ اب انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کو بھی اس بات پر تشویش ہے کہ آخر انگلش بورڈ کچھ بول کیوں نہیں رہا۔ کرکٹ بورڈ پر تنقید کرتے ہوئے مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ ای سی بی کو اب اپنی خاموشی توڑنی ہوگی، وہ بتائے کہ پاکستان کا دورہ کیوں منسوخ کیا؟ سابق کپتان کا کہنا ہے کہ انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کو فیصلے کا علم ہی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی سابق خواتین کرکٹرز اور چیئرمین پی سی بی بھی اس فیصلے سے پریشان ہیں اور اس کا حل یہی ہے کہ پاکستان نہ جانے کے فیصلےپر انگلینڈکرکٹ بورڈ اپنی خاموشی توڑے۔واضح رہے کہ 20ستمبر کوانگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔

تازہ ترین