• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی پبلک افیئرز آفیسر اور ڈپٹی کلچرل اتاشی کی ڈاکٹر خالد عراقی سے ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کی پبلک افیئرزآفیسر ایمی کرسچنسن اور ڈپٹی کلچر ل اتاشی Keome Rowe پر مشتمل دورکنی وفد نے پیر کے روز وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔دوران ملاقات ایمی کرسچنسن نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو شعبہ سماجی علوم میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفد نے اعلیٰ تعلیم وتحقیق میں باہمی اشتراک پر زوردیتے ہوئے کہا کہ باہمی اشتراک کے ذریعے طلبہ،اساتذہ اور محققین کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے بھر پور مواقع میسر آئیں گے۔ وفدنے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تحقیق اور تبادلے کے پروگراموں سمیت مختلف پہلوؤں پر تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیااور کہا کہ امریکی حکومت اپنے شراکت داروں کے ساتھ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا چاہتی ہے۔وفد نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ امریکہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف اسکالر شپس سے دنیا بھر کے طلبہ استفادہ کررہے ہیں جس میں پاکستانی طلبہ بھی شامل ہیں۔ دریں اثناء شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے وفد کو جامعہ کراچی میں ہونے والی تحقیقی وتدریسی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ترقی پذیر ممالک کی ترقی اور بالخصوص تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے کی جانے والی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

تازہ ترین