کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن نیشنل بینک اور واپڈا کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں۔ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں پہلے سیمی فائنل میں پاکستان واپڈا نے نیوی کو 0-3 سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کیلئے علیم عثمان، مبشر علی اور عتیق ارشد نے بالترتیب 16ویں 26 ویں اور 59 ویں منٹ میں گول اسکور کئے۔ دوسرے سیمی فائنل میں نیشنل بینک نے ماڑی پیٹرولیم کو دو گول سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گول کپتان ابوبکر محمود نے پینالٹی کارنر پر اسکور کئے۔ فائنل منگل کو ساڑھے تین بجے کھیلا جائیگا۔ جبکہ تیسری و چوتھی پوزیشن کا میچ پاکستان نیوی اور ماڑی پیٹرولیم کے مابین صبح دس بجے کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے ٹاپ ا سکورر کھلاڑی کے لئے ایک لاکھ باون ہزار روپے کی موٹر سائیکل کا انعام رکھا گیاہے۔ قومی ڈومیسٹک ایونٹس کی تاریخ میں پہلی بار ایونٹ کے بہترین کھلاڑی کو 30 لاکھ روپے مالیتی بیش قیمتی پلاٹ پاکستان نیوی کی جانب سے دیا جائیگا۔ جبکہ فاتح ٹیم کو 17 لاکھ روپے کیش ایوارڈ بمعہ ٹرافی دیئے جائینگے جبکہ رنراپ ٹیم کو 13 لاکھ روپے بمعہ ٹرافی اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم 10 لاکھ روپے کیش ایوارڈ بمعہ ٹرافی کی حقدار ٹھہرے گی۔