کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان سے کوئی بھی نمائندہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب نہیں کرسکا، طالبان کی طرف سے معزول کی گئی سابق افغان حکومت کے سفیر غلام اسحاق زئی نے پیر کے روز جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے اپنا نام واپس لے لیا ، انہوں نے جنرل اسمبلی سے آج خطاب کرنا تھا تاہم اسمبلی کے صدر کی ترجمان نے بتایا کہ غلام اسحاق زئی کی جانب سے اپنا نام واپس لئے جانے کے بعد ان کا نام مقررین کی فہرست سے نکال دیا گیا ۔طالبان اور سابق حکومت کے اقوام متحدہ کے مستقل مندوب دونوں ہی نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے کی سفارش کررکھی تھی ۔ طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں کے اجتماع سے خطاب کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ طالبان نے اپنے سابق ترجمان سہیل شاہین کو افغانستان کا اقوام متحدہ کا سفیر نامزدکردیا تھا۔