• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ، حکومت کا صحت اور ضروری عملے کو تیل کی رسائی دینے کا فیصلہ

لندن (اے ایف پی، جنگ نیوز) برطانیہ میں پیر کے روز پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،اسٹیشنز سے پیٹرول غائب ہوگیا ، عوام میں شدید غم وغصہ ، لندن حکومت نے ہنگامی اختیارات استعمال کرتے ہوئے شعبہ صحت اور بنیادی ضروریات سے وابستہ ملازمین تک پیٹرول کی رسائی دینے کا اعلان کردیا ۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کے سبب پیٹرول اسٹیشنز پر ایندھن کی رسائی کا عمل متاثر ہوگیا ہے اور پیٹرول کی شدید قلت ہوگئی ہے۔اختتام ہفتہ پر برطانوی حکومت نے بریگزٹ کے بعد اپنی امیگریشن پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے غیر ملکی ٹرک ڈرائیوروں کیلئے مختصر مدت کے ویزوں کے اجرا کا بھی اعلان کردیا تاکہ تیل کی قلت کے بحران پر قابو پایا جاسکے ۔ برطانیہ میں تیل کی بڑی کمپنیوں شیل، بی پی اور ایسو کا کہنا ہے کہ ملک کی ریفائنریز میں وافر مقدار میں تیل موجود ہے اور آئندہ چند روز میں صورتحال معمول پر آجائے گی ۔ دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پیٹرول اسٹیشنز تک پیٹرول کی سپلائی کیلئے فوجیوں کی خدمات حاصل کرنے پر غور کررہے ہیں جبکہ لندن کے میئر صادق خان نے بھی جلد از جلد فوج کی خدمات لینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ پیٹرول ریٹیل ایسوسی ایشن کےمطابق ان کے 50 سے 90 فیصد آؤٹ لیٹس پر پیٹرول کی قلت ہے۔برطانوی حکومت نے وقتی طور پر فیول کی سپلائی بہتر بنانے کیلئے پیٹرولیم کمپنیوں کو مسابقتی ایکٹ سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ٹرک ڈرائیورز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے برطانوی حکومت نے گذشتہ ہفتے تقریباً 10 ہزار سے زائد افراد کو عارضی ویزے جاری کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔رپورٹس کے مطابق 2019 سے 2021 کے دوران برطانیہ 72 ہزار ٹرک ڈرائیورز سے محروم ہوا جس کی اہم وجہ بریگزٹ سے برطانیہ کا انخلا ہے اور یہ ڈرائیورز یورپی یونین کے رکن ممالک میں رہنا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین