• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KCR پر آئندہ سال کام شروع، منصوبہ تاریخ رقم کریگا، وفاقی وزرا

کراچی(خبرایجنسیاں)وفاقی وزراء کاکہنا ہے کہ KCR پرآئندہ سال کام شروع، منصوبہ تاریخ رقم کریگا، عالمی سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں، ریلوے کومنافع بخش ادارہ بنائینگے۔پیر کو کینٹ اسٹیشن میں کے سی آر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اگلے سال کے سی آر پر کام شروع ہوتا نظر آئے گا جبکہ منصوبے میں عالمی سرمایہ کار بھی دلچسپی لے رہے ہیں،اکتوبر میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ بورڈ اتھارٹی سے منظوری کے بعد انٹرنیشنل ایپریٹرز کا پراسس شروع ہوجائے گا، فریٹ کوریڈور کے افتتاح کے لیے بھی وزیراعظم کو جلد دعوت دیں گے، اکتوبر میں وزیراعظم گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ایک سال پہلے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دی گئی تھی جس میں شامل 5منصوبوں پر پیشرفت ہو رہی ہے، کراچی میں تین بڑ ے نالوں سے 11 لاکھ ٹن کچرا نکالاگیاجبکہ اس کے ساتھ 54 کلومیٹر سڑکیں بھی بنائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ سے اکتوبر 2023 میں کراچی کو پانی ملنا شروع ہوجائے گا لیکن وہ چاہتے ہیں کہ 14اگست 2023 سے پہلے یہ منصوبہ مکمل ہوجائے ۔ اسدعمر نے کہا کہ فریٹ کوریڈور پر بھی جلد کام شروع ہوجائے گا کیونکہ اس کی فزیبلٹی تیار ہے اور اس حوالے سے چینی کمپنی سے پروپوزل بھی موصول ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے علاوہ صوبہ سندھ کے دیگر 14 اضلاع میں بھی ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادو ں پر شروع کئے جارہے ہیں ۔

تازہ ترین