لاہور( این این آئی) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کی جانب سے شہباز شریف خاندان بشمول سلیمان شہباز کے خلاف ثبوتوں سے بھرے 5 بکسوں کی تفصیلات سامنے آگئیں رپورٹ کے مطابق ان بکسوں میں موجود دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ چائے والے نے7کروڑ روپے،گھی والے نے 4 کروڑ روپے اور ڈرائی فروٹ والے نے 45 لاکھ روپے منتقل کیے۔
اس کے علاوہ شوگرملز کے 57جعلی اور20 چھوٹے ملازمین کے جعلی اکائونٹس کی تفصیلات بھی منظرعام پر آگئی ہیں۔25 ارب روپے میں سے8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز غیرمتعلقہ افراد سے منتقل ہوئی ہیں۔
کاٹن، رائس، فلوررملز، پراپرٹی ایجنٹس کی جانب سے اربوں روپے بھیجے گئے جبکہ پھلوں، سبزیوں کی دکانوں، میڈیکل اسٹورز، فرنیچر،کپڑے کی دکانوں سے رقم منتقل ہوئی ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ کھلونے کی دکانوں اور پی سی اوز سے بھی اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔ یہ ٹرانزیکشن رمضان شوگرملز اور العربیہ کے جعلی اکائونٹس میں کی گئیں۔