مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ حکومت فیک ہے، فیک نیوز کے ساتھ اور فیک انتظامات کے ساتھ چلتی ہے۔
لاہور میں نون لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے برطانوی ایجنسی کو اپنی نام نہاد انویسٹی گیشن کے پلندے دیئے، آج مشیرِ احتساب نے کہا کہ یہ تو سلیمان شہباز کے خلاف انکوائری تھی۔
انہوں نے کہا کہ سارا نیب کا ریکارڈ اور پلندہ جو لوگوں کے سامنے لہرایا جاتا ہے وہ برطانوی ایجنسی کے سامنے پیش کیا گیا، انٹرنیشنل اسکروٹنی میں یہ معاملات صاف ہو رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت کا چوتھا سال ہے، یہ لوگ نواز شریف کے خلاف ایک کیس نہیں بنا سکے، شاہد خاقان عباسی 10 مہینے وزیرِ اعظم رہے، یہ ان کے خلاف بھی ایک کیس نہیں نکال سکے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 2008ء سے 2018ء تک وزیرِ اعلیٰ پنجاب رہے، یہ ان پر ایک پیسے کا الزام نہیں لگا سکے، 3200 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں میں آپ 32 پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔
نون لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے جھوٹ کے افسانے بنائے، عالمی اداروں نے اسے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔
سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کے ہتکِ عزت کے مقدمے میں یہ سر چھپاتے پھر رہے ہیں، یہ پاکستان دشمنی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔