• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای الیون ہراسگی کیس،عثمان مرزاسمیت 7ملزمان پر فرد جرم عائد

اسلام آباد (خبر نگار،این این آئی)وفاقی دارالحکومت کے علاقے ای الیون میں لڑکے لڑکی کو ہراساں کرنے سے متعلق کیس میں مقامی عدالت نے مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت دیگر شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تشدد ، بلیک میلنگ اور نازیبا ویڈیو بنانے کے مقدمہ میں گرفتار تین ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کو دو ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، منگل کو مقامی عدالت کے جج عطاء ربانی نے تھانہ گولڑہ کی حدود میں فلیٹ میں لڑکے لڑکی کو ہراساں کرنے سے متعلق کیس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت دیگر سات شریک ملزمان حافظ عطا الرحمٰن، ادارس قیوم بٹ،ریحان،عمر بلال مروت،محب بنگش،فرحان شاہین پر بھی فرد جرم عائد کر دی ، دوران سماعت ملزمان کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ سے شہادتیں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت بارہ اکتوبر تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے لڑکے اور لڑکی پر تشدد ، بلیک میلنگ اور نازیبا ویڈیو بنانے کے مقدمہ میں گرفتار تین ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کو دو ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جسٹس محسن اختر کیانی نے ادارس قیوم بٹ ، عطاءالرحمن اور فرحان شاہین کی ضمانت کیلئے دائر درخواستوں کا فیصلہ سنایا۔ ایک روز قبل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
تازہ ترین