پشاور ( وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 72 دکانداروں کو گرفتار کر لیا ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پرانتظامی افسران نے حیا ت آباد، یونیورسٹی روڈ، تہکال، رنگ روڈ، جی ٹی روڈ، دلہ زاک روڈ، فقیرآباد، چارسدہ روڈ اور اندرون شہر مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔ گرانفروشی ، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجود گی، کم وزن روٹی اور صفائی ناقص صورتحال پر پشاور کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 72 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، دودھ فروش، جنرل سٹورمالکان، کم وزن فروخت کرنے والے نانبائیوں سمیت دیگر دکانداران شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر صبح صادق کے وقت سبزی و پھل منڈیوں میں بولی کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے انتظامی افسران کو بازاروں کا مسلسل دورہ کرنے اور گرانفروشوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔