• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ڈنمارک میں گرین پارٹنر شپ معاہدہ ہوا ہے، شاہ محمود قریشی


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ڈنمارک میں گرین پارٹنر شپ معاہدہ ہوا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک میں گرین پارٹنر شپ معاہدہ ہوا ہے، ڈنمارک کی جانب سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پاکستان کو سپورٹ کرنے پر مشکور ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ڈنمارک کے ہم منصب سے افغانستان کی صورتحال پر بات ہوئی ہے، ڈنمارک کے ساتھ باہمی تعلقات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان کو فیٹیف گرے لسٹ سے نکالنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیرخارجہ ڈنمارک نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے متاثر ہونے والا ملک ہے، ہم سب کے افغانستان میں مشترکہ مفادات ہیں، نہیں چاہتے کہ افغانستان میں دہشت گرد گروپ دوبارہ منظم ہوں، افغانستان میں عورتوں اور بچوں کے حقوق کا دفاع کرنا ہوگا۔

ڈینش وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے، افغانستان میں خواتین کے حقوق کی صورتحال پرتحفظات ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی کانگریس میں پیش ہونے والے بل کے بارے میں آگاہ ہیں، پاکستان رابطہ کاری اور اپنے دفاع میں دلچسپی رکھتا ہے، کانگریس کو پاکستان کے کردار کوسمجھنا ہوگا،امریکا میں لابیز اور ہمارے ہمسائے اس بل کے پیچھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سمجھنا ہوگا، افغانستان کے معاملے پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا مسئلے کا حل نہیں۔

تازہ ترین