کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دماغی معالجے کے جدید ترین علاج کیلئے ڈاؤیونیورسٹی اسپتال ، اوجھا کیمپس میں پبلک سیکٹر کی پہلی گاما نائف سہولت کا افتتاح کرتے ہوئے مفت علاج فراہم کرنے کا اعلان کیاہے ۔ یہ ایک بہت مہنگا علاج ہے اور فی شخص کے علاج پر 250000 روپے خرچ ہوتے ہیں اور ایک سال میں تقریباً 500 لوگوں کا علاج کیا جاتا ہے ، اس لیے صوبائی حکومت اس کا پورا خرچ اٹھائے گی اور مریضوں کا علاج مکمل طور پر مفت کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اوجھا کیمپس میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو ، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت قاسم سراج سومرو ، سیکرٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی ، وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر محمد سعید قریشی ،پرو وائس چانسلر ز پروفیسر نصرت شاہ ، کرتار ڈاوانی ،پروفیسر زرناز واحد ،رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آ فاق ڈائریکٹر فنانس مجاہد شیخ فیکلٹی اور دیگر موجود تھے۔ واضح رہے کہ گاما نائف ریڈیو سرجری ٹیومر ، خون کی نالیوں کی خرابی اور اعصابی حالات کے علاج میں موثر ثابت ہوسکتی ہے۔