• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سادہ لباس پولیس اہلکار کے روکنے پرعوام شناخت طلب کریں، میٹ

لندن (پی اے) میٹروپولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ جب کوئی سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکار عوام کو روکے تو اس سے اس کی شناخت طلب کی جائے۔ سارہ ایواراڈ کو ایک پولیس اہلکار کی جانب سے روکے، ہتھکڑی لگا کر لے جانے، پھر اس کا ریپ کر کے قتل کرنے اور لاش کو جلا دینے کے وحشت ناک واقعے کے بعد میٹ پولیس نے کہا کہ یہ مکمل طور پر قابلِ قبول عمل ہوگا کہ سادہ لباس پولیس اہلکار سے اس کی شناخت اور عزائم کا پوچھا جائے۔ دریں اثناء پولیسنگ منسٹر کٹ مالٹ ہائوس نے کہا کہ اس منشتر کردینے والے واقعے کے بعد پولیس افسران کی اہلیت پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ بی بی سی بریک فاسٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کے بعد اب پولیس کو عوام میں اپنا اعتماد دوبارہ بحال کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا اور خصوصاً لندن پولیس کو۔ انہوں نے کہا کہ کہ ایک خاتون کی جانب سے شبہات کے بعد یہ انتہائی مناسب ہوگا کہ ایک پولیس افسر سے پوچھ گچھ کی جائے تاہم یہ کسی بھی طور پر ہر قسم کے معاملات میں مناسب نہیں ہوگا کیونکہ افسران ہمیں ہر روز تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہوتے ہیں اور اس طرح کی پوچھ گچھ سے ان کے فرائض میں خلل پڑ سکتا ہے۔

تازہ ترین