لندن (پی اے) اسٹیٹ ایجنٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ عارضی استثنیٰ ختم ہوتے ہی اسٹامپ ڈیوٹی پر نظرثانی کی جائے۔ اسٹیٹ ایجنٹس کی ایک تنظیم نے فرسودہ سطحوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے جس کے تحت گھر کے خریدار ٹیکس وقفے کے اختتام پر اسٹامپ ڈیوٹی ادا کرنا شروع کردیتے ہیں۔ پراپرٹی مارک نے کہا کہ اسٹامپ ڈیوٹی کا استثنیٰ کامیاب رہا ہے اور اب اس کی عام حدوں کا جائزہ لیا جانا چاہئے۔ انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں ’’ صفر شرح‘‘ سٹامپ ڈیوٹی جولائی 2020 میں عارضی طور پر 500000 پونڈز کے لئے دی گئی، جس سے خریداروں کو 15000 پونڈز تک بچت ہوئی ہے۔ اس سے ہاؤسنگ مارکیٹ کو تیز کرنے میں مدد ملی، جس نے کورونا وائرس وبا کے اوائل میں سست رفتاری کی بنیاد رکھی تھی۔ اس سال یکم جولائی سے استثنیٰ 250000 تک محدود کردیا گیا، اس سے پہلے سرگرمیوں کا رش بڑھ گیا کیونکہ خریدار زیادہ سے زیادہ بچت کرنا چاہتے تھے۔خریدار اب بھی مخروطی استثنیٰ کے دوران 2500 پونڈز تک کی چھوٹی بچت کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یکم اکتوبر سے سٹامپ ڈیوٹی کی حد اپنی معمول کی سطح 125000 پونڈزپر واپس آجائے گی۔ زوپلا کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2020 میں لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد سے برطانیہ کے گھروں کی اوسط قیمت میں 17000 پونڈز سے زیادہ اضافہ ہوگیا ہے، جو استثنیٰ کے دوران ہونے والی ممکنہ سٹامپ ڈیوٹی کی بچت سے کہیں زیادہ ہے۔ پراپرٹی مارک کے چیف پالیسی ایڈوائزر مارک ہیورڈ نے کہا کہ سٹامپ ڈیوٹی کا عارضی استثنیٰ ایک بہت بڑی کامیابی ہے، ایک صحت مند اور بہتی ہوئی مارکیٹ کی تخلیق، جس نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو خرید و فروخت کی ترغیب دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ فرسودہ سطحوں کا جائزہ لیا جائے، جس پر لوگ سٹامپ ڈیوٹی کی ادائیگی شروع کریں تاکہ مارکیٹ کی مانگ، گھر کی اوسط قیمت اور اجرت میں اضافہ ہو۔ پراپرٹی مارک نے کہا کہ اس کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ہالیڈے کے دوران جولائی 2020 اور اگست 2021 کے درمیان فی برانچ خریداروں کی اوسط تعداد میں 100 سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت کے دوران فی برانچ 445 خریدار تھے، جو اپریل 2019 اور جون 2020 کے درمیان 340 کی اوسط سے زیادہ ہوگئے۔ پراپرٹی مارک نے کہا کہ ہالیڈے کے دوران تقریباً پانچ میں سے ایک (19فیصد) گھر ڈیمانڈ کی قیمت سے زیادہ میں فروخت ہوئے، اس کے مقابلے میں 20 میں سے ایک (4فیصد) کم میں فروخت ہوئے۔ پراپرٹی مارک نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ سٹامپ ڈیوٹی استثنیٰ کے دوران لین دین کی تعداد میں پچھلے 12 ماہ کے مقابلے میں ایک چوتھائی اضافہ ہوا ہے۔ اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں اسی طرح کے پراپرٹی ٹیکس کے استثنیٰ پہلے ہی ختم ہوچکے ہیں، مختلف رپورٹوں میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ ہلچل مچانے والی سرگرمی جاری رہے گی کیونکہ لوگ کورونا وائرس وبا کے نتیجے میں طرز زندگی میں تبدیلی لائے ہیں۔ دفتر برائے قومی شماریات (او این ایس) نے اس ہفتے اعداد و شمار جاری کئے، جس میں بتایا گیا ہے کہ کچھ نوجوان اور کم تنخواہ والے ورکرزکو دیہی اور ساحلی علاقوں میں رہنے کی زیادہ قیمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ سابقہ شہر کے رہنے والے محسوس کرتے ہیں کہ وہ فاصلہ پر رہتے ہوئے کام کرنے کے قابل ہیں۔