• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای جی گروپ کا اجرتوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان

لندن (پی اے) فورکورٹ جائنٹ ای جی نے 100000 سے زائد ورکرز کی اجرتوں میں پانچ فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب سیکٹر کو چیلنجنگ صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ کمپنی برطانیہ بھر میں 400 سے زائد سائٹس چلاتی ہے۔ اس کا کہنا ہےکہ وہ 18 سال سے زائد عمر کے ملازمین کیلئے گھنٹوں کے ریٹس میں اوسطاً 5 فیصد سے زائد اضافہ کردیاگیا۔ اس کمپنی کے تمام فلنگ سٹیشنز اور فوڈ سروسز برانڈز پر ہر ورکر کو جمعہ سے تنخواہ میں یہ اضافہ ملنا شروع ہوگیا۔ 18 سال اور اس سے زائد عمر کے تمام ورکرز کو کم از کم 9.50 پونڈ فی گھنٹہ کے حساب سے اجرت ملے گی جبکہ زیادہ تجربہ کار سٹاف جیسا کہ ٹیم لیڈرز اور سپروائزرز کو کم از کم 10 پونڈ فی گھنٹہ اجرت ملے گی۔ جائنٹ ای جی گروپ نے یہ اعلان ایسے حالات میں کیا ہے جب ایچ جی وی ڈرائیورز کی کمی کی وجہ سے فیول سٹاک متاثر ہونے کے خطرات ہیں اور موٹرسٹس کی ڈیمانڈ میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ پٹرول ریٹیلرز اور گورنمنٹ نے موٹرسٹس پر زور دیا ہے کہ وہ معمول کے مطابق فیول بھروائیں اور پرامن رہیں۔ انہوں نے یہ اپیل ان رپورٹس کے بعد کی ہے جن میں کہا گیا کہ فرسٹریشن کے شکار موٹرسٹس نے پٹرول سٹیشن کے سٹاف کو زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ جمعرات کو ای جی نے اجرت میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک کے مشکل حالات کے دوران ورکرز کے جانفشانی سے کام کرنے اور ان کی عزم و استقامت کا صلہ ہے۔ ای جی گروپ کے شریک بانی اور سی ای اوز محسن اورزبیر عیسیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس پینڈامک کے آغاز کے بعد سے ہمارے ساتھیوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران مشکل حالات میں بھرپور اندازمیں کام جاری رکھا اور ان کا یہ کردار کسی طرح بھی ہیرو سے کم نہیں ہے۔ ان کی جانفشانی اور عزم و خلوص کی وجہ سے ای جی گروپ کا بزنس فروغ پا رہا ہے اور اس عرصے کے دوران گروپ کے بزنس نے مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس میں کنٹری بیوشن کرنے والے ہر کارکن اور ساتھی کے انتہائی شکر گزار ہیں اور اسی لئے ہم ان کیلئے مجموعی انعامی پیکیج فراہم کر رہے ہیں جن کے بارے میں ہمیں یقین ہے کہ یہ ملک میں بہترین میں سے ایک ہیں۔
تازہ ترین