کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے فیصل آباد نے برطانوی حکومت کی نشاندہی پر ایک بینک منیجر کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ حوالہ ہنڈی کرنے والا منی چینجر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایف آئی آر نمبر 105/2021کے مطابق سب انسپکٹر اجمل حسین نے ”جنگ“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ برطانوی تحقیقاتی ایجنسی نے انٹرپول کے ذریعے آگاہ کیا کہ برطانیہ میں دو پاکستانی ہمایوں سرور اور آصف شریف کے قبضے سے 39,510 برٹش پونڈ برآمد ہوئے اور اُنہوں نے بتایا کہ یہ رقم ان کے بھائی غلام فرید نے ایک بینک کے منیجر شیخ سلمان اور منی چینجر حاجی شفیق کے ذریعے برطانیہ بھجوائی۔ مذکورہ معلومات موصول ہونے کے بعد ایف آئی اے نے بینک منیجر کو گرفتار کرلیا جبکہ فیصل آباد کا پیراگون منی چینجر حاجی شفیق روپوش ہوگیا۔ ایف آئی اے نے مقدمے میں ہمایوں سرور، غلام فرید، آصف شریف، شیخ سلمان، حاجی محمد شفیق اور طاہر عباس کو نامزد کیا ہے۔