کینبرا (جنگ نیوز )آسٹریلیا کی جانب سے گزشتہ ماہ فرانس کے ساتھ آبدوزوں کا معاہدہ ختم کئے جانے کے فیصلے پر تناؤ بڑھ جانے کے بعد یورپی یونین نے آسٹریلیا سے مذاکرات ملتوی کر دیئے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر تجارت ڈین تہان نے تصدیق کی کہ جمعہ کو یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر مذاکرات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔آسٹریلیا نے پچھلے ماہ فرانس کے نیول گروپ کے ساتھ روایتی آبدوزوں کا بیڑا بنانے کا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا اور وہ اب امریکا اور برطانیہ کے ساتھ سکیورٹی شراکت داری بنیاد پر ان کی ٹیکنالوجی کی مدد سے ایٹمی طاقت سے چلنے والی کم از کم 8آبدوزیں بنائے گا۔فرانس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا اس بلاک (یورپی یونین) کو آسٹریلیا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنا چاہئے یا نہیں؟برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر تجارت ڈین تہان نے جمعہ کے روز مذاکرات کے التوا میں آبدوزوں کے معاہدے کی منسوخی کے کردار پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تاہم انہوں نے 12 اکتوبر کو ہونے والے مذاکرات کے 12 ویں دور کو ایک ماہ کے لئے ملتوی کرنے کی تصدیق کی۔