• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹی پی کو معاف کرنے کا حق شہداء کے خاندانوں کو ہے، نعیم لودھی


کراچی (ٹی وی رپورٹ) دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ مذاکرات کی پیشکش ٹی ٹی پی کی طرف سے آئی ہے، گزشتہ دنوں حملوں میں تیزی مذاکرات میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کیلئے تھی، شہیدوں کے خاندان ہی ٹی ٹی پی کو معاف کرنے یا معاف نہ کرنے کے حق دار ہیں، فٹ سولجرز کو معاف کیا جاسکتا ہے لیکن تمام لوگوں کو معاف نہیں کیا جاسکتا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل بھی شریک تھے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں کو سب سے زیادہ سیاست زدہ پی ٹی آئی نے کیا ہے، روپے کی قدر گرنا حکومت کی دانستہ پالیسی کا نتیجہ ہے، پٹرول مہنگا ہوگا تو غریب آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے مزیددب جائے گا، پٹرول اور ایل این جی جب سستی مل رہی تھی حکومت نے کانٹریکٹ نہیں کئے ۔ میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کیلئے ایک اور بڑا چیلنج ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے، 30ستمبر تک صرف 18لاکھ لوگوں نے ٹیکس فائل کیا جبکہ حکومت کا اپنا ہدف 45لاکھ ٹیکس فائلرز کا تھا، 18لاکھ ٹیکس فائلرز کا مطلب ہے کہ پچھلے سال کے مقابلہ میں 42فیصد کم لوگوں نے ٹیکس فائل کیا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان کے پاس ٹی ٹی پی کو معاف کرنے کا اختیار نہیں ہے، سانحہ اے پی ایس کے بہت سے ذمہ کیفر کردار تک پہنچ چکے ہیں۔ نعیم خالد لودھی کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو سی آئی اے، را ارو این ڈی ایس کے ساتھ مل کر ہمارا خون بہارہے تھے ان کے ساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی، ٹی ٹی پی کیلئے اب افغانستان میں کوئی شیلٹر نہیں اس لئے معافی تلافی کی باتیں ہورہی ہیں، بچوں کو شہید کرنے والوں کومعافی نہیں دی جاسکتی، تحریک طالبان پاکستان میں کوئی گڈ طالبان نہیں ہے، سی آئی اے،را اور این ڈی ایس نے ہم پر تحریک طالبان پاکستان باؤلے کتوں کی طرح چھوڑے ہوئے تھے۔

تازہ ترین