• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت، او ایم سیز اور ڈیلرز کی پٹرولیم مصنوعات پر بھاری وصولیاں

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت، او ایم سیز اور ڈیلرز کی پٹرولیم مصنوعات پر بھاری وصولیاں، پٹرول پر 33.33، ڈیزل پر 33.29 اور ایل پی جی سلنڈر پر 817.09 روپے فی لیٹر لیے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر موگاس صارف نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت پر 33.33 روپے اضافی ادا کیے ہیں جس میں سے 22.57 روپے حکومت اور 10.67 روپے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کو ملے ہیں کیوں کہ موٹر گیسولین کی ایکس ریفائنری قیمت 93.97 روپے فی لیٹر ہے۔ جب کہ ایل پی جی صارف جو 11.8 کلو کا ایل پی جی سلینڈر استعمال کرتا ہے وہ ایک سلینڈر پر 817.09 روپے ادا کرتا ہے کیوں کہ پیداواری قیمت 1586.23 روپے فی سلینڈر ہے، جب کہ نئی قیمت 2403.55 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اضافی قیمت میں ایل پی جی صارف 404.09 روپے حکومت کو، 17 فیصد جی ایس ٹی کی صورت میں اور پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی مد میں 55.09 روپے، جب کہ مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن کی مد میں 413 روپے ہر صارف ادا کرتا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی تفصیلات جو دی نیوز کے پاس موجود ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک لیٹر پٹرول پر حکومتی چارجز 22.57 روپے ہیں، جس میں 10 فیصد کسٹمز ڈیوٹی یعنی 8.80 روپے فی لیٹر، پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی 5.62 روپے فی لیٹر اور جی ایس ٹی 6.84 فیصد یعنی 8.15 روپے فی لیٹر ہے۔ ایک لیٹر پٹرول پر صارف 3.88 روپے ان لینڈ فرائٹ مارجن، 2.97 روپے او ایم سی مارجن اور 3.91 روپے موٹر اسپرٹ جو کہ ڈیلر کمیشن کی صورت میں ہے، ادا کررہا ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر صارف 33.29 روپے فی لیٹر ادا کررہا ہے کیوں کہ ایچ ایس ڈی کی ایکس ریفائنری قیمت 89.75 روپے فی لیٹر ہے۔ حکومت ، صارف سے براہ راست 24.87 روپے فی لیٹر چارج کرتی ہے، جس میں 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی یعنی 8.31 روپے فی لیٹر، پٹرولیم لیوی کی مد میں 5.14 روپے اور 11.42 روپے فی لیٹر جی ایس ٹی کی مد میں ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ 1.15 روپے ان لینڈ فرائٹ مارجن، 2.97 روپے او ایم سیز مارجن اور 3.30 روپے ڈیلرز کمیشن کی مد میں ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ صارف ایک لیٹر ایچ او بی سی پر 2.15 روپے، جب کہ پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی مد میں 30 روپے ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ صارف ایک لیٹر مٹی کی تیل پر ٹیکسز، پٹرولیم لیوی اور او ایم سی مارجن کی مد میں 13.76 روپے فی لیٹر ادا کرتا ہے۔ مٹی کے ایک لیٹر تیل کی ایکس ریفائنری قیمت 85.55 روپے ہے لیکن صارف 99.31 روپے فی لیٹر ادا کرتا ہے کیوں کہ حکومتی چارجز 8.30 روپے، جس میں 6.24 روپے جی ایس ٹی اور 2.06 روپے پٹرولیم لیوی کی مد میں صارف سے وصول کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان لینڈ فرائٹ مارجن کی مد میں 3.88 روپے اور 1.58 روپے او ایم سیز کی مد میں صارف ادا کرتا ہے۔

تازہ ترین