• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیمتوں پر قابو پانا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے،فرخ حبیب

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ قیمتوں پر قابو پائیں، کے پی کے، پنجاب میں انتظامیہ اس تناظر میں اچھا کام کررہی ہے، آج بھی پنجاب میں آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت 1100اور سندھ میں 1350/1400 روپے ہے، یہ پیپلز پارٹی حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت غذائی تحفظ پر کام کررہی ہے، خوراک و زراعت پروگرام کے ذریعے پیداوار بڑھائیں گے،ملک بھر میں 22کروڑ ایکٹر اراضی میں سے 5 کروڑ ایکٹر اراضی قابل کاشت ہے، پوٹھوہار، وزیرستان ،بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زیتون کی پیدوار بڑھارہے ہیں،بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لئے 10 نئے ڈیمز پر کام جاری ہے،ان منصوبوں کی تکمیل سے 10ہزار میگا واٹ بجلی پیدا اور ایک کروڑ 80لاکھ ایکٹر اراضی سیراب ہوگی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ یواین رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر رواں سال سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے،حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم سے کم عوام پر منتقل کیا جائے، ماضی کی حکومتوں کی طرح اگر سیلز ٹیکس اور لیوی لاگو کی جائے تو پٹرول کی قیمت 150 روپے فی لٹر ہوجاتی، اپوزیشن تنقید برائے تنقید کے ساتھ یہ حقائق بھی بیان کرے،عالمی سطح پر چیلنجز کے باوجودِ عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔

تازہ ترین