• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این سی اے کا موجودہ حکم پاکستان میں قابل قبول نہیں ہوگا،شہزاد اکبر

اسلام آباد (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی رپورٹ کے حوالے سے پروپیگنڈا کر رہی ہے، شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے تمام مقدمات پاکستانی عدالتوں میں ہیں، این سی اے مجسٹریٹ رپورٹ کا شہباز شریف کے مقدمات سے کوئی تعلق نہیں ہے، این سی اے کا موجودہ حکم پاکستان میں قابل قبول نہیں ہوگا کیونکہ یہ شہباز شریف فیملی اکائونٹ کی برطانیہ کے اندرونی معاملات پر مبنی رپورٹ تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) غلط دستاویزات کے ذریعے عوام اور میڈیا کو گمراہ کر رہی ہے، این سی اے مجسٹریٹ کے فیصلے کا شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی قانون کے مطابق این سی اے کے ساتھ کیس سے متعلق معلومات شیئر کی ہیں، این سی اے کا موجودہ حکم پاکستان میں قابل قبول نہیں ہوگا کیونکہ یہ شہباز شریف فیملی اکائونٹ سے متعلق برطانیہ کا اندرونی معاملہ تھا، جس میں برطانیہ میں سلیمان شہباز کے اکائونٹس کو مشکوک ٹرانزیکشن کی بنیاد پر2018 ء میں منجمد کیا گیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ ڈی جی نیب لاہور کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) غلط بیانی کر رہی ہے، ڈی جی نیب لاہور، ایف بی آر اور دیگر اداروں کے افراد پر مشتمل 6 سے 7 لوگوں کا وفد برطانیہ کی دعوت پر باہمی تعاون کے پروگرام کے حوالے سے 3 سے 4 دن کے دورہ پر گیا تھا، اس دوران شریف فیملی کے پاکستان میں کیسز کے حوالے سے این سی اے کی ڈی جی نیب لاہور کے ساتھ بات ہوئی، جس کو این سی اے نے اپنے ایک انٹرنل میمو میں لکھا ہے کہ ہماری ڈی جی نیب لاہور سے بات ہوئی ہے اور شریف فیملی کے حوالے سے کوئی انفارمیشن چاہیے تو ہم ضرور تعاون کریں گے، مسلم لیگ (ن) اس معاملے کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے۔

تازہ ترین